نئی دہلی، 25/دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)دہلی کی ایک خصوصی عدالت نے چلن سے باہر ہو چکے نوٹوں کے تبادلہ سے متعلق فراڈ معاملہ میں ملزم دہلی پولیس کے افسر کو یہ کہتے ہوئے ضمانت دے دی کہ ایسا کوئی امکان نہیں تھا کہ وہ انصاف کے عمل سے فرار ہو جائے گا۔خصوصی جج پونم چودھری نے دہلی پولیس کے ایک سب انسپکٹر سدھیر راٹھی کو ضمانت دے دی اور ساتھ ہی اسے اپنا پاسپورٹ جمع کرنے اور ثبوتوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔عدالت نے کہاکہ ملزم 27/نومبر سے حراست میں ہے اور اب حراست میں رکھ کر اس سے پوچھ گچھ کرنا ضروری نہیں ہے، معاملے پر کوئی رائے زنی کئے بغیر اور یہ دیکھتے ہوئے کہ درخواست گزاردہلی پولیس میں ہے، ایسا کوئی امکان نہیں ہے کہ وہ انصاف کے عمل سے بھاگ جائے گا، اس لیے اسے ضمانت دی جاتی ہے۔عدالت نے اسے پولیس کے طلب کرنے پر جانچ میں شامل ہونے کی ہدایت بھی دی۔ملزم کو 50000روپے کے ذاتی مچلکے پر رہا کیا گیا۔